پرویز مشرف پر حملے کا ملزم رانا فقیر باعزت بری

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف پر 2005 میں حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم رانا فقیر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے باعزت بری کر دیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چوھدری حبیب الرحمان نے ملزم رانا فقیر حسین کی بریت کی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے ملزم کی رہائی کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزم رانا فقیر حسین کو سابق صدر پرویز مشرف پر پچیس دسمبر دو ہزار تین میں جھنڈا چیچی کے قریب حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم پر پرویز مشرف پر خود کش حملے کے ملزموں کو معاونت دینے کا الزام عائد کیا گیا۔

رانا فقیر آٹھ دسمبر 2005 سے گرفتار تھا۔ دوسری جانب ملزم رانا فقیر حسین نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جیل سے رہا ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ رانا فقیر حسین کے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے ڈی پی او راولپنڈی کو درخواست دی ہے کہ میرے موکل کو جیل سے گھر تک سکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔