اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈان لیکس کے معاملے پر اپنے عہدے سے ہاتھ دھونے والے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے الزام عائد کیا ہے کہ پرویز مشرف کی بد روح نا صرف اداروں بلکہ سیاستدانوں میں بھی موجود ہے، جس نے ہمارے خلاف سازش کی۔ کہتے ہیں کہ ادارے کا نام نہیں لیتا لیکن سازش میں افراد ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سٹیبلشمنٹ کی سوچ نے سب کچھ کیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مہرہ بنی۔ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پرویز مشروف کو ہم نے نہیں روکا لیکن روک بھی نہیں سکے کیونکہ انھیں روکنے میں باقی اداروں نے ساتھ نہیں دیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ ہماری حکومت ہونے کے باوجود بہت کچھ ہو گیا۔ وزارت داخلہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔ پہلے وزیر اعظم خاموشی سے چلے تھے، لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا۔ ہمیں اب اس سوچ کا مقابلہ کر کے اسے ختم کرنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے ڈان لیکس پر جمہوریت اور دہشتگردی کیخلاف قربانی دی۔