کراچی (جیوڈیسک) غداری مقدمے میں پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کے شکر گزار ہیں۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر احمد رضا قصوری کی قیادت میں آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر اور نسرین جلیل سے ملاقات کی جس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مشکل وقت میں جس طرح پرویز مشرف کے مؤقف کی حمایت کی اس پر ہم ایم کیو ایم کے شکر گزار ہیں اور آج اس کا اظہار کرنے کےلئے ایم کیو ایم کے مرکز پر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آنے کے بعد سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی اور وہاں گڑ گڑا کر دعا مانگی کہ میرے ملک میں امن اور سلامتی ہو، اللہ تعالیٰ روشنیوں کے شہر اور یہاں کے لوگوں کو آباد کرے۔