اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو بے گناہ قرار دے دیا۔ پولیس نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں حتمی چالان تیار کر لیا۔
پولیس کی طرف سے مرتب کئے گئے حتمی چالان میں عبوری چالان کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا نام خانہ نمبر 2 میں رکھا گیا ہے۔ چالان کے متن کے مطابق غازی عبدالرشید قتل میں ملزم کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آ سکے۔
پرویز مشرف کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے سابق صدر کا معاملہ عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ شہدا فاؤنڈیشن آف پاکستان نے پولیس کے چالان کو مسترد کر دیا۔ فاؤنڈیشن کے تر جمان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں ایسا ہی ایک چالان پہلے بھی پیش ہو چکا ہے۔ پولیس کی طرف سے مرتب کیے جانیوالا چالان آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔