راو لپنڈی (جیوڈیسک) آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں آج یا کل اسپتال سے ڈسچارج کئے جانے کا امکان ہے۔
آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز پر امید ہیں کہ پرویز مشرف کی صحت میں کافی بہتری آچکی ہے جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو ڈسچارج کرنے کے لئے سر جوڑ لئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی صحت بہتری کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں اسپتال سے آج یا کل ڈسچارج کیا جا سکتا ہے تاہم انہیں ہر ہفتے مکمل او پی ڈی چیک اپ کے لئے اسپتال آنا پڑے گا جب کہ پرویز مشرف کو دل کے عارضے کے لئے دی جانے والی ادویات 3 ماہ تک جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔