لاہور(جیو ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق جنرل پرویز مشرف کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 139 سے انتخابات کے لئے نااہل قرار دئیے جانے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی،سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا ۔
الیکشن ٹربیونل نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے پرویزمشرف کوقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 139سے انتخابات کے لئے نااہل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے کے الزامات کے تحت پرویز مشرف کو نااہل قرار دینا الیکشن ٹربیونل کا اختیار نہیں ہے، عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل سے استفسار کیا کہ آ پ کی جماعت نے توانتخابات کا بائیکاٹ کردیا ہے تونااہلی کے خلاف درخواست کیوں دائر کی گئی۔
درخواست گزار پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موکل پرلگے الزامات کے داغ دھونا چاہتے ہیں۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت پہلے ان امیدواروں کے کیسوں کی سماعت کرے گی، جنہوں نے انتخابات میں حصہ لینا ہے ۔فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔