اسلام آباد (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی ہدایت کے بعد وزیراعظم نے معاملے پر اپنے سیاسی ساتھیوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف جلد ہی اپنے سیاسی ساتھیوں سے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق معاملے پر مشاورت کریں گے۔
وزیراعظم اٹارنی جنرل اور وزیر قانون سے اس معاملے پر قانونی رائے بھی لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے میں کوئی جلدی نہیں ہے۔ اپیل دائر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ فوری طور پر نہیں کیا جائیگا۔