پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ محفوظ، آج ہی سنایا جائے گا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراضات سے متعلق دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ رجسٹرار عبدالغنی سومرو فیصلہ آج ہی سنائیں گے۔ سابق صدر کو حاضری سے ایک دن کیلیے استثنیٰ کی درخواست پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ کہتے ہیں کہ خصوصی عدالت کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلے کا اختیار نہیں۔

جسٹس انور منصور کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت غداری کیس کی سماعت کر رہی ہے استغاثہ ڈاکٹر اسماعیل بخاری کی پیش کردہ تجزیاتی رپورٹ سے دستبردار ہو گئے۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے ڈاکٹر اسماعیل بخاری کی تجزیاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔

رپورٹ میں سابق صدر کی بیماری کو کو سنگین قرار نہیں دیا تھا اور کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ انجیو گرافی کیا ہوتی ہے اور کتنے عرصے میں علاج ضروری ہے اس کا جائزہ نہیں لے رہے۔ پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دوران سماعت کہا کہ پراسیکیوٹر اکرم شیخ کی عدم موجودگی میں عدالتی کارروائی بہتر انداز میں چلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف تجزیاتی رپورٹ پر اعتراض تھا جو استغاثہ نے واپس لے لی ہے۔ ہمیں پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں۔ انور منصور کے دلائل مکمل ہونے پر سماعت میں دس منٹ کا وقفہ کیا گیا۔ وقفے کے بعد انور منصور ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عظمیٰ میں مصروفیت کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرنے میں تاخیر ہوئی۔ عدالت پرویز مشرف کو حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیا جائے۔

پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلے کا عدالت کو اختیار نہیں۔ انہوں نے استدعا کی اس دلیل کو مد نظر رکھ کر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ پر آج کسی بھی وقت حکم جاری کریں گے۔

عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراضات سے متعلق دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ رجسٹرار عبدالغنی سومرو فیصلہ آج ہی سنائیں گے۔