پرویز مشرف کی والدہ دبئی سے کراچی پہنچ گئیں

Pervez Musharraf Mother

Pervez Musharraf Mother

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی والدہ دبئی سے کراچی پہنچ گئیں۔ پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 208 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ جو وہیل چیئر پر ہیں ان کے ہمراہ ضروری طبی آلات اور آکسیجن کٹ بھی ہے۔پرویز مشرف کی والدہ شدید علیل تھیں اور دبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

وہ پرویز مشرف سے ملنا چاہتی تھیں اسی لیے وہ کراچی آئی ہیں۔ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے سمیت کئی مقدمات ہیں، جن کی وجہ سے ان کا نام حکومت نے ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔

مشرف نے اس دوران درخواست دی تھی کہ ان کی طبیعت خراب ہے،اس لیے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی، جس کے بعد غداری کے مقدمے کی کارروائی کے دوران پرویز مشرف نے کہا تھا کہ وہ دبئی میں اپنی علیل والدہ کی عیادت اور اپنے علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے عدالت نے فیصلے کا اختیار بھی حکومت کو دے دیا تھا، تاہم حکومت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے ان کی والدہ کو وطن لانے کے لیے خصوصی طیارہ دینے کی پیشکش کی تھی۔