کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ سابق صدر اور چیئر مین آل پاکستان مسلم لیگ پرویز مشرف ملک کے وسیع تر مفاد کے لئے اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کی خاطر ہمیشہ اپنا فرض ادا کرتے رہے ہیں۔ ہمیشہ سب سے پہلے پاکستان کے نظریے کا پرچار کرتے رہے ہیں۔
ان دنوں بھی دبئی میں تیسری سیاسی قوت کے حوالے سے محب وطن سیاسی جماعتوں کے قائدین اور قد آور سیاسی شخصیات نے پرویز مشرف سے ملاقاتیں کر کے ان پر اظہار اعتماد کیا ہے۔
بہت جلد مسلم لیگ (ق) ، مسلم لیگ (فنکشنل) ہم خیال گروپ ، متحدہ قومی موومنٹ اور طاہر القادری کی جماعت پاکستان عوامی تحریک سمیت چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر مبنی ممکنہ تیسری سیاسی قوت ملک کے سیاسی نقشے پر منظر عام پر آسکتی ہے۔ جو کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کرنے اور عوام کو خوشحالی دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
پاکستان پرویز مشرف کا ملک ہے اوروہ کہ چکے ہیں کہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ اور وہ جلد پاکستان واپس آکر ملک کی ترقی میں اپنا کردا ر ادا کریں گے۔