کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر پرویز مشرف نے خیرپور میں عظیم الشان عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور اقتدار میں پاکستان میں نہ صرف قانون کی حکمرانی و عملداری تھی بلکہ ہم نے بد امنی و جرائم کا بھی قلع وقمع کر دیا تھا اور دہشتگردی کو بھی جڑ سے اکھاڑنے کی جدوجہد کرہے تھے یہی وجہ تھی کہ عوام کو قانونی ‘ معاشی ‘ سماجی ‘ سیاسی اور ہر طرح کا مکمل تحفظ حاصل تھا جس کی وجہ سے ملک ہر شعبے میں تیز رفتار ترقی کر رہا تھا مگر موجودہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے قانون کی حکمرانی کو پامال کرکے پاسداری کے شعور کو سبوتاژ کر دیا ہے جس کی وجہ سے وطن عزیز نہ صرف جرائم ‘ بد امنی اور دہشتگردی سے دوچار ہے بلکہ کرپشن و کمیشن کا ناسور بھی تیز رفتاری سے نمو پارہا ہے۔
ملک کی تباہ ہوتی ہوئی معاشی صورتحال تیزی سے اسے ناکامی اور خانہ جنگی کی جانب لے جارہی ہے مگر آل پاکستان مسلم لیگ وطن عزیز اور عوام کے تحفظ و خوشحالی کے عزم کے ساتھ تیزی سے منظم ہورہی ہے اور جلد عوام کے تعاون و اعتماد سے اقتدار میں آکر پاکستان کو امن ‘ ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرکے عوام کو آسودگی و اطمینان کا وہی سابق دور پھر سے لوٹائیں گے جو میرے سابقہ دور اقتدار کا طرہ امتیاز رہا ہے۔
اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق جلسہ عام سے اے پی ایم ایل سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کا سابق دور اقتدار امن وتحفظ ‘ ترقی و خوشحالی اور استحکام کا ثبوت و مثال ہے اسلئے مستقبل کے تحفظ کیلئے بھی عوام کو پھر سے مشرف پر اعتماد کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کو کامیاب بنانا ہوگا جبکہ جلسہ سے محب علی شاہ ‘ غفار راجپوت ‘ یاسر خان ‘ منظور گوڈیل ‘ شعیب ملک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔