اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کی جانب سے ان کے ایڈووکیٹ فیصل چودھری کی جانب سے وزارت داخلہ میں ایک درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرویز مشرف سعودی عرب جانا چاہتے ہیں اس لئے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کیا جائے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے سعودی عرب کے مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے دیرینہ مراسم تھے۔
ان کے ہی دور میں شاہ عبداللہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ تاہم وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی جانب سے سعودی عرب جانے کی درخواست پر اعتراض وزارت قانون کی جانب سے لگایا گیا ہے۔