پرویز رشید کا عمران خان کو پارلیمنٹ میں بحث کرنے کا چیلنج

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات کا جواب دینے کیلئے حکومت بھی کھل کر سامنے آ گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا پچھلے تیس دن میں 120 جھوٹی تقریر کی گئی کنٹینر پر کھڑے صاحب تقریر شروع کرنے سے پہلے حدیث پڑھتے ہیں۔

بہتان اور غیبت لگانے والوں کیلئے قرآن میں سخت سزاؤں کا ذکر کیا گیا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کسی کی غیرموجودگی میں جھوٹ بولنے کی سزا مردار کا گوشت کھانے کے برابر ہے۔ عمران کا بہتان خان سے کیا رشتہ ہے تقریر سے جانچا جا سکتا ہے۔ پرویز رشید کا مزید کہنا تھا جمہوری روایات میں سب سے اچھا پلیٹ فارم پارلیمنٹ ہوتی ہے جھوٹ بولنے والے پارلیمنٹ میں آنے سے گریز کرتے ہیں۔ پرویز رشید کہتے ہیں عمران نے آبزرور کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن کی رپورٹ کہہ کر جھوٹ بولا۔

عمران کے کسی الزام کا تعلق آبزرور کی رپورٹ میں ذکر نہیں ، الیکشن ہم نے نہیں نگران حکومت نے کرایا تھا۔ مبصرین کی سفارشات میں کہیں ذکر نہیں کہ 35 پنکچر لگے۔ عمران اگر سچے ہیں تو پارلیمنٹ مبصرین کی رپورٹ لیکر آئیں اور پارلیمنٹ میں بحث کر لیتے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا عمران خان نے انتخابات پر 13 بڑے الزامات لگائے ایک ایک الزام کا دلیل کیساتھ جواب دیا جائے گا۔ تاریخ میں پہلی دفعہ تصویر والی ووٹر لسٹیں استعمال ہوئیں۔ انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کے جیت کے دور دور امکانات نہیں تھے، کئی جہگوں پر پی ٹی آئی نے امیدوار کھڑا ہی نہیں کیا تھا اور جن سیٹوں کا الزام لگا رہے ہیں اگر جیت بھی جاتے تو حکومت نہیں بنا سکتے تھے۔

مسلم لیگ (ن) فیورٹ جماعت تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن میں گھپلے کیئے۔ اسحاق ڈار نے کہا مذاکرات میں پی ٹی آئی کو الیکشن ریفارمز کی چیرمین شپ بھی دینے کی بات کی۔ فیوچر الیکشن کیلئے ملکر ریفارمز کرنا ہوں گی۔ ساڑھے پانچ چیزوں کا جواب عمران کو موصول ہو چکا ہے اگر عمران نے نہیں ماننا تو پھر کوئی بھی نہیں منا سکتا۔ انوشہ رحمان نے کہا عمران خان پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور تماشے کی بجائے اپنی پارٹی کی ریویو کمیٹی کو دیکھیں، عمران نے پارٹی ٹکٹ میں کرپشن کی جو سبق عمران نے خود نہیں سیکھے دوسروں کو پڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ پی ٹی آئی کے 90 فیصد امیدواروں نے الیکشن پیٹشنز داخل ہی نہیں۔