پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقہ بھانہ ماڑی میں 6 سالہ بچی کے اغوا میں چوکیدار ملوث نکلا۔ پولیس نے تین روز کی مسلسل کوششوں کے بعد بچی کو والدین کے پاس پہنچا دیا جس کے باپ کا کہنا ہے کہ ملزم ان کے فلیٹوں کا چوکیدار اور گھر کے حالات سے واقف تھا۔
پشاور کے تھانہ ہشت نگری میں وقوعہ کی بریفنگ دیتے ہوئے ایس پی سٹی فیصل مختار کا کہنا تھا کہ 6 سالہ آمنہ دختر ذیشان 7 اپریل کو اچانک اپنے گھرواقع بھانہ ماڑی سے لاپتہ ہوئی جس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے پولیس نے فلیٹ کے چوکیدار شاہ حسین سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا۔
اس دوران ملزم نے بچی کو اغواء کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے اس کی نشاندہی پرآمنہ کو بازیاب کرکے والدین کے حوالے کر دیا جبکہ دو شریک جرم ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔