پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقہ افغان کالونی اور توحید آباد بم دھماکوں کے مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والے دونوں تاجروں کو پہلے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ گذشتہ روز افغان کالونی میں ناصر خان نامی تاجر کے گھر میں دھماکا ہوا تھا۔ جس کا مقدمہ ناصر خان کی جانب سے تھانہ فقیر آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی کی مختلف دفعات عائد کی گئی ہیں۔ جبکہ چند گھنٹوں بعد پیر اور منگل کی درمیانی شب توحید آباد میں عمرا جان نامی تاجر کے گھر کے باہر دھماکا کیا گیا۔ جس کا مقدمہ تھانہ آغہ میرجانی میں درج ہے۔ دونوں دھماکوں میں تقریبا ایک کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ جس سے گھروں کو نقصان پہنچا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاجرو ں کو پہلے سے ہی بھتہ وصولی کے سلسلہ میں دھمکیاں مل رہی تھیں۔