پشاور (جیوڈیسک) سول ایوی ایشن نے باچا خان ایئرپورٹ پر رات کے لیے غیر ملکی فلائٹ آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن ایئر مارشل محمد یوسف نے بتایا کہ باچا خان ایئر پورٹ پر غیر ملکی پروازوں کا نائٹ آپریشن عارضی طور بند کردیا گیا ہے تاہم ایئرپورٹ سے ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کے دیگر آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے باچا خان ایئر پورٹ کو منتقل کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایئر پورٹس کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے 6 ارب کے لگ بھگ رقم مختص کی ہے جس سے ایئر پورٹ پر اسکینرز اور جدید آلات نصب کیے جارہے ہیں جبکہ ریڈار کمیونی کیشن اور ٹریفک کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف اہلکاروں کو جدید ہتھیار فراہم کررہے ہیں کیونکہ ایئرپورٹ کی سکیورٹی کی بنیادی ذمہ داری اے ایس ایف کی ہوتی ہے۔