پشاور (جیوڈیسک) گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے بعد سکیورٹی حکام نے باچا ایئرپورٹ کے لئے نیا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔
پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے کےبعد ایئرپورٹ کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے نیا سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹ کے اطراف چار نئی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی جبکہ ایئرپورٹ کے قریب رہائش پذیر افراد کے کوائف جمع کرنے کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سکیورٹی پلان کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف دو منزلہ عمارتوں کا ڈیٹا پولیس اسٹیشن میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 24 جون کی رات پشاور ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کی پرواز پرفائرنگ کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور 2 فلائٹ اسٹیورڈ زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس حکام نے فائرنگ کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا تھا۔