پشاور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون پشاور میں ضمنی انتخابات کے دوران شیخ آباد پولنگ اسٹیشن میں اے این پی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی میں حاجی غلام احمد بلور کی صاحبزادی معمولی زخمی ہوگئی۔ پشاور کے شیخ آباد گرلز پرائمری سکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں پولنگ جاری تھی۔
اس دوران تحریک انصاف اور اے این پی کی خواتین کارکنوں کے درمیان تکرار کے بعد ہاتھا پائی ہوئی، جس سے اے این پی کے امیدوار غلام احمد بلور کی صاحبزادی زمرہ شجاعت معمولی زخمی ہوگئی۔
اس دوران دونوں جماعتوں کے رہنما بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے مشتعل کارکنوں کو منالیا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے حکام بھی وہاں پہنچے اور حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس پولنگ اسٹیشن پر اے این پی کی خواتین پولنگ ایجنٹوں اورایک فوجی افسر کے درمیان بھی تکرار ہوئی تھی۔