پشاور (جیوڈیسک) ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیرانتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کی تعداد 126 ہو گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
پشاور میں الیکشن کمیشن کے صوبائی صدر دفتر کے قریب ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کی رہائشی کالونی سے متصل آرمی پبلک اسکول میں نصابی سرگرمیاں جاری تھیں کہ سیکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس 8 سے 10 دہشت گرد اسکول کی عمارت کے عقبی حصے سے دیوار پھلانگ کر اندر گھس آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے اسکول اور علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا۔ فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 126 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں سے123 اسکول میں زیر تعلیم بچے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسکول میں فوجی دستوں کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہورہا ہے۔ اسکول کے 3 بلاک کلیرکرالیے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران اب تک 5 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بچ جانے والے اسکول کے آخری بلاکس تک محدود کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے بھی علاقے میں اپنی نفری کو بڑھا دیا ہے تاکہ کوئی بھی دہشت گردعلاقے سے بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔ تنظیم کے مرکزی ترجمان محمد عمر خراسانی برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں ان کی تنظیم کے 6 ارکان ملوث ہیں اور یہ کارروائی شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کے جواب میں ہے۔
عینی شاہد طالب علم نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے استاد لیکچر دے رہے تھے كہ اچانک عقب سے ہوائی فائرنگ ہوئی تو طلبا نے كلاس كے دروازے بند كر دیئے لیكن دہشتگرد دروازے توڑ كر كلاس میں داخل ہو گئے پہلے ہوائی فائرنگ كی اور بعد میں کچھ بچوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، بعد میں انہوں نے مختلف جگہوں پر مورچے سنبھال لیے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کرتے رہے۔دہشت گرد غیر ملكی لگ رہے تھے اور عربی میں بات چیت كر رہے تھے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت نے دہشتگردوں کے اس مکروہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے صوبے بھر ميں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دپا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری، پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت، پاکستان عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت ملک کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔