پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکے میں جابحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی، واقعے میں متعددافراد زخمی بھی ہوئے جن میں چند افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے باہر ذرائع سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر جاوید مروت نے 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہو ئے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا، انہوں نے زخمیوں میں چند کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 40 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو یہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا، گاڑی میں مارٹر گولے بھی رکھے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے بعدحملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو ا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں تاہم ان کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے کے بعد مقامی ھسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔