پشاور: بم دھماکے میں انصاف مہم کیلئے تعینات اہکار جاں بحق، مہم کا تیسرا مرحلہ شروع

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں چار سدہ روڈ پر بم دھماکےمیں انصاف کا پروگرام کے لئے تعینات ایک پولیس اہلکار جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب پشاور میں صحت کا انصاف مہم کا تیسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔

ریموٹ کنٹرول ڈیوائس چار سدہ روڈ پر سڑک کے کنارے قبرستان میں ایک پرانی قبر میں نصب کی گئی تھی۔ انصاف کا پروگرام کے لئے تعینات پولیس اہلکار وہاں ڈیوٹی پر موجود تھے کہ ایک زور دار دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے سے حوالدار بخت نصیر جاں بحق جبکہ اکبر حسین نامی سپاہی زخمی ہو گیا۔

پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ بی ڈی یو کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ سے دو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پشاور میں صحت کا انصاف مہم کا تیسرا مرحلہ بھی شروع ہو گیا۔

مہم کے تیسرے مرحلے میں والدین کو مخصوص کوپن دیئے جائیں گے جن کے ذریعے وہ اپنے بچوں کو نو امراض سے بچاو کی ویکسین کسی بھی سرکاری ڈسپنسری سے حاصل کر سکیں گے۔ شہریوں کو ہائی جین کٹ بھی فراہم کی جائیں گی جس میں پانی صاف کرنے والی گولیاں اور ڈینگی سے آگاہی کیلئے پمفلٹ بھی شامل ہیں۔

پہلے دو مراحل میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو اور دیگر نو امراض سے بچاو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ 25 ہزار ہائی جین کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔