پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور تیرا زخمی ہو گئے، پشاور ایک بار پھر بنا دہشت گردی کا نشانہ،شدت پسندوں نے حساس ادارے کو نشانہ بنایا۔پشاور میں شیر شاہ سوری روڈ پر فرنٹیئر کانسٹیبلر ی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس سے متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ بھی گئے، امدادی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل ملک شفقت کے مطابق بم گاڑی میں نصب تھا، جو سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے جا ٹکرائی، دھماکے میں پینتالیس کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
سی سی پی او پشاور اعجاز خان کا کہنا ہے کہ حملہ آپریشن ضرب عضب کا ردعمل لگتا ہے، دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن بھی کیا۔