اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی نے پشاورمیں گرجا گھر دھماکے کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی، قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں احتجاج بھی کیا جائے گا، ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہونگے۔
تحریک التوا ارکان قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، شازیہ مری، نوید قمر اور دیگر نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ گرجا گھر میں خود کش حملے کے بعد مسیحی برادری عدم تحفظ کا شکار ہو گئی ہے اور دنیا بھر میں قوم کی بدنامی ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ قواعد کے تحت قومی اسمبلی کی معمول کی کارروائی روک کر اہم معاملے پر بحث کرائی جائے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی طرف سے آج قومی اسمبلی اجلاس میں شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے تمام ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ پشاور کا دورہ بھی کریں گے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کریں گے۔