پشاور (جیوڈیسک) پشاورکینٹ میں سرکاری ملازمین کی بس کے اندر بم دھماکے سے 17 افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی پشاور پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کرلیا گیاہے ۔
پشاور ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا۔ اس بار درگئی اورمردان سے سرکاری ملازمین کو لے کر پشاور آنے والی بس کونشانہ بنایاگیا۔ سنہری مسجد کے قریب بس میں زوردار دھماکہ ہوا اور گاڑی تباہ ہوگئی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکا ٹائم بم کے ذریعے کیاگیا، 6سے 8کلو گرام وزنی بم بس کی سیٹ کے نیچے نصب کیاگیاتھا۔
دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں نامعلوم شرپسندوں کےخلاف درج کیاگیا ہے، جس میں قتل و اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
سرکاری ملازمین کی بسوں کو پشاور کی چارسدہ روڈ پرپہلے بھی دو مرتبہ نشانہ بنایا جاچکا ہے ۔ 2012 ءاور 2013 ءمیں ہونے والے دھماکوں میں 50 سےزیادہ افراد جاں بحق اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔