لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کی جنگلہ بس پی ٹی آئی کے گلے کا پھندا بن گئی۔
لاہور میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے منصوبے میں پی ٹی آئی نے تاخیر کرائی، لیکن جنگلہ بس کو برا کہنے والوں نے خود پشاور میں جنگلہ بس کو گلے سے لگایا جو ان کیلیے گلے کا پھندا بن گیا، آج جنگلہ بس کے نام پر پورا پشاور کھودا ہوا ہے، خیبرپختون خوا پن بجلی سے مالا مال ہے لیکن عمران خان نے 5 سال میں ’منفی‘ 6 میگاواٹ بجلی فراہم کی، انہوں نے 11 نکات میں سے کتنے نکات پر خیبرپختون خوا میں عملدرآمد کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں قومی خزانے میں 680 ارب روپے کی بچت کی، وفاقی سطح پر تین شاندار کامیابیاں حاصل ہوئیں، ہم پر الزامات لگائے گئے کہ یہ پل اور سڑکیں بنا رہے ہیں، ہم الزامات کا سامنا کرتے رہے لیکن بس کام کیا 5سال ہونے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، پنجاب میں 200 نئے کالج اور 19 یونیورسٹیاں بنائیں، پبلک ٹرانسپورٹ پروگرام کو بدل کر رکھ دیا، تمام اسپتالوں میں اصلاحات کیں، اگلی حکومت میں ڈیمز بنائیں گے اور بھارت سے مقدمہ لڑیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں دل کے امراض اور کڈنی سنٹر کا اتنا شاندار اسپتال بنایا ہے کہ عوام یورپ کو بھول جائیں گے، پی کے ایل آئی میں جگر کی ٹرانسپلانٹ کے ذریعے ہندوستان کو شکست دیں گے، دیامربھاشاڈیم کی زمین سوارب روپے میں خرید لی ہے، اگلی حکومت آئی تو ڈیم بھی بنادیں گے، مظفرگڑھ کا طیب اردگان اسپتال یورپ کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے۔