پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں یوں تو کچھ دنوں سے ویسے ہی اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں لیکن ایک تھانے کی پولیس ایسی ہے جو بلی کی چوری کا سراغ لگارہی ہے، دوہمسایوں کے بیچ تنازع نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔
بلی پالنا بہت سے لوگوں کا شوق ہے، پشاور صدر کے علاقے گلبرگ کی ایک خاتون نے بھی 8 قیمتی بلیاں پال رکھی ہیں تاہم اس نے اپنے ہمسائے پر الزام لگایا ہے کہ اس نے اس کی ایک بلی سموکی کو چوری کرلیا اور دوسری کو زخمی کردیا۔
دوسری جانب بلی چوری کی زد میں آنے والے باپ بیٹے کو پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم باپ اور بھائی کو بچانے کیلئے بیٹی میدان میں آگئی جس کا کہنا ہے کہ بلی کی مالکن کے بیٹے نے اس کا گلہ دبایا ہے۔ پولیس کو بھی کچھ سمجھ نہیں آرہی کہ ان میں سے سچ کون بول رہا ہے۔
مقامی تھانے کی پولیس نے بلی کو ضررپہنچانے اورایک کو چوری کرنے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور کہتی ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب وہ امن وامان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سرگرم ہے بلی کی چوری کا انوکھا مقدمہ ان کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔