پشاور: قبرستانوں پر قبضوں کا سلسلہ عروج پر، حکومت بے بس

Peshawer Graveyards

Peshawer Graveyards

پشاور (جیوڈیسک) قبضہ مافیا نے مردوں پر بھی زمین تنگ کر دی ہے۔ قبرستانوں پر تیزی سے بستیاں بسانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی ایکڑ پر پھیلا شہر کا سب سے بڑا اخون آباد قبرستان بھی سکڑ کر رہ گیا۔

شہر خموشاں میں بازار، مارکیٹ اور گھر تعمیر کر دئیے گئے ہیں۔ قبضہ مافیا کی جانب سے کمال ہوشیاری سے پہلے قبر کی ہلکی پھلکی کھدائی کی جاتی ہے، کچھ دن بعد مکمل قبر کھود کر اس پر عمارت بھی کھڑی کر دی جاتی ہے۔ شام کو میت دفنانے والوں کو بیشتر اوقات یا تو صبح کو قبر ہموار ملتی ہے یا پھر اس کا نام و نشان ہی نہیں ہوتا۔ اخون آباد قبرستان پشاور کے تین ٹاؤنز تک پھیلا ہوا ہے۔

قبروں کی مسماری اور ان پر قبضے کا سلسلہ سب سے زیادہ ٹاؤن ون میں جاری ہے۔ اے این پی کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت بھی قبرستان مافیا کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے۔ ضلع نائب ناظم سید قاسم علی شاہ کے مطابق حکومت اس سنگین مسئلے سے باخبر ہے اور وزیر اعلی کی ہدایت پر کارروائی بھی شروع کی جائے گی۔ پشاور کی آبادی ستر لاکھ تک پہنچ گئی ہے لیکن اتنی بڑی آبادی والے شہر کیلئے قبرستان صرف ایک ہی ہے اور وہ بھی قبضہ مافیا کے ہاتھوں ختم ہوتا جا رہا ہے۔