پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ خیبر پختوا کے شہر پشاور میں کرسچن کالونی پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد جوابی کارروائی میں چار شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ورسک روڈ پر واقع کالونی میں حملہ آور عقب سے داخل ہوئے۔
پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ کرسچن کالونی پر حملہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی اور ’چاروں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، علاقے میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔‘
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ حملہ آور صبح کے وقت اسلحے اور گولہ بارود کے ہمراہ کرسچن کالونی میں داخل ہوئے اور پہلے سکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی، ایک پولیس، دو سویلین سکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے ہیں۔ کالونی کے گھروں میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
حملہ جمعے کی صبح سویرے کیا گیا اور کالونی میں مزید ممکنہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ پشاور میں شدت پسند پہلے متعدد بار عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔