پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے دادزئی میں پولیس موبائل پر فائرنگ سیایس ایچ او اور ڈرائیور جاں بحق جبکہ گن مین زخمی ہو گیا۔ پشاور کے نواحی علاقے داودزئی میں پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی جب آریانہ روڈ پر نامعلوم افراد نے موبائل پر فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ دائودزئی امیر سلطان اور ان کا ڈرائیور جاوید موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ گن مین عمران زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اہلکاروں کی نعشیں اور زخمی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مقامی ایم پی اے ارباب اکبر حیات نے ہسپتال میں زخمی پولیس اہلکار کی عیادت کی۔ ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں نا کام ہو چکی ہے۔
سی سی پی او لیاقت علی کا کہنا تھا کہ پشاور کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں کئی اہم کامیابیاں بھی ہوئی ہیں۔ ایسے واقعات ان آپریشنز کا ردعمل ہیں، تاہم پولیس فورس بہادری سے ان حالات کا مقابلہ کر رہی ہے۔