لاہور (جیوڈیسک) محکمہ صحت اور انتظامیہ کے تمام حربے ناکام ہو گئے۔ کئی شہروں میں بے قابو ڈینگی کے حملے بڑھ گئے۔ پشاور کے علاقے تہکال میں خونی وائرس نے ایک نوجوان کی جان لے لی۔ شہر میں رواں برس یہ پہلی ہلاکت ہے۔
ڈینگی سے متاثر ہو کر مزید سو افراد اسپتالوں میں پہنچ گئے۔ راولپنڈی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک سو بتیس افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے۔ جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے تین ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
کراچی میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں ایک ہفتے کے دوران ایک سو نوے افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ملتان میں مزید سات افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے جبکہ 18 سو مقامات سے ڈینگی کا لاروا بھی ملا ہے۔