پشاور (جیوڈیسک) اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور صوبائی حکومت کے مابین مذاکرات میں ناکامی کے بعد پشاور کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں نے ہڑتال شروع کر دی ہے اور او پی ڈی سمیت کسی بھی وارڈ میں مریضوں کا علاج نہیں کیا جا رہا۔
پراونسشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی حکومت کو سروس سٹرکچر سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے بہتر گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
خیبر پختونخواہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال پر مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ کل سے خوار ہو رہے ہیں حکومت اور ڈاکٹروں کی لڑائی میں غریب عوام پس رہی ہے۔ نظام بدلنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔