پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بتدریج بڑھا جا رہا ہے۔ پشاور کے علاقہ رشید آباد، بشیر آباد، گل بہار، حاجی کیمپ، یکہ توت، کینٹ، یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈاور ملحقہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
چارسدہ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں آٹھ گھنٹے سے بجلی بند ہے۔ پیسکو ذرائع کے مطابق فنی خرابی کے باعث بجلی منقطع ہے۔ دوسری جانب پشاور کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے تک پہنچ گیاہے۔ دلہ زاک روڈ اور ورسک روڈ کے علاقوں میں وولٹیج کی کمی کی شکایات بھی عام ہیں۔