پشاور دھماکا مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کی سازش

Fazlur Rehman

Fazlur Rehman

اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پشاوردھماکا طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ حکومت ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپر دیر کے افسوسناک واقعے کے باوجود سیاسی اور عسکری قیادت نے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب وزیراعظم ڈورن حملوں کا معاملہ اٹھانے اقوام متحدہ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر مذاکرات کے عمل کو ناکام بنانے کی سازش کر رہے ہیں۔ حکومت ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ کوئی بھی مذہب بے گناہ لوگوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔