پشاور : آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ

Flour

Flour

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں بھی مہنگائی عروج پر ہے۔ تمام ہی اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں لیکن آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کا سکھ اور چین چھین لیا ہے۔ مہنگائی کے مارے عوام پر امید تھے کہ نئی حکومت انہیں مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائے گی لیکن یہ خواہش پوری نہیں ہو سکی۔ پشاور میں تمام ہی اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

اور تو اور اب آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے ان کا سکھ اور چین بھی چھین لیا ہے۔ پشاور میں آٹے کی فی کلو گرام قیمت میں ایک ہفتے کے دوران تین روپے اور تین ماہ کے دوران چھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ بیس کلو گرام کا تھیلا جو ایک ہفتہ قبل 800 روپے میں فروخت ہو رہا تھا اب 860 روپے کا ہو گیا ہے۔

اسی طرح 80 کلو گرام بوری کی قیمت میں 240 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ضلعی حکومت کی جانب سے آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کی کوئی کوشش کامیاب ہوتے دکھائی نہیں دے رہی۔ اور مقامی انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی قیمتوں میں اضافے کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔