پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں سنہری مسجد روڈ پر سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے کےنتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق بس سیکریٹریٹ کے ملازمین کو لے مردان سے پشاور آرہی تھی کہ جونہی سنہری روڈ پر تھانہ غربی کےبالکل سامنے پہنچی توموڑ کاٹتے ہوئے زوردار دھماکا ہوا، دھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، بس کی باڈی کاٹ کر زخمیوں کو نکالا گیا، زخمیوں کولیڈی ریڈنگ اورکنٹونمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے بس کے اندر ہوا۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔