پشاور (جیوڈیسک) پشاور کی چارسدہ روڈ پر سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہیں، حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس نے بس میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 افراد زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چارسدہ روڈ پر سرکاری ملازمین سے بھری بس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس میں 60 سے 70 افراد سوار تھے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 22 زخمی اور6 افراد کی لاشیں لائی گئیں، زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 10 زخمیوں کو چارسدہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا گیا۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا تاہم عینی شاہدین کے مطابق دھماکا بس کے پچھلے حصے میں ہوا۔