پشاور: ہشت نگری میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 2 زخمی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاورکے علاقہ ہشت نگری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین سکھ دکاندار زخمی ہو گئے۔ ایک زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ کر دم توڑ گیا۔ سکھ برادری نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کردی اور احتجاج شروع کر دیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ فقیر آباد کی حدود میں خوشحال مارکیٹ میں مسلح افراد نے دکانداروں پر فائرنگ کردی ، جس سے تین سکھ تاجر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس دوران ایک زخمی جگ موہن سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا، جبکہ دو زخمی اسپتال میں داخل ہیں جن کی حالت بدستور تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ جائیداد کے تنازعے کا شاخسانہ ہے۔

واقعے کے خلاف سکھ برادری نے پہلے اسپتال روڈ پر احتجاج کیا۔ بعد ازاں لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کردی اور احتجاج شروع کردیا ہے۔