پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں موسلا دھار بارش کے دوران مختلف حادثات میں تین بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پشاور میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے شہر کے گردونواح میں واقع مختلف کچی آبادیوں میں دیواریں اور چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہونے کے باعث متعدد علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔