سانحہ پشاور :بند سکولوں کو کل سے دوبارہ کھولنے کا اعلان

Schools

Schools

پشاور (جیوڈیسک) سانحہ پشاور کے بعد سے بند سکول کل سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔ سیکیورٹی گائیڈنس جاری ہونے کے باوجود تاحال مکمل انتظامات نہیں کئے جاسکے ہیں۔

16دسمبر کو ورسک روڈ پر اے پی ایس میں دہشت گردی کے دل دہلا دینے والے واقعہ کے بعد سے سکولوں کو بند کردیا گیا تھا اور تمام سکولوں کو سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے دیواریں اونچی کرنے، سیکیورٹی گارڈ رکھنے سمیت دیگر انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جن پر نجی سکولوں کی جانب سے تو عمل در آمد دیکھنے میں آیا لیکن سرکاری سکولوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

صوبائی حکومت کو ارسال کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر میں4 ہزار ایسے سرکاری سکول بھی ہیں جن کی چار دیواری یا تو ٹوٹی پھوٹی ہے یا سرے سے ہے ہی نہیں ۔ جبکہ سنٹرل جیل پشاور میں واقع سکول پہلے سے ہی سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیا گیا ہے۔