اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے سانحہ پشاور کے زخمی طالب علم احمد نواز کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے زخمی طالب علم احمد نواز کا علاج نہ ہونے سے متعلق خبر نشر کی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے فوری طورپر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پمز اسپتال میں احمد نواز کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ اگر احمد نواز کو علاج کے لئے بیرون ملک بھی لے جانا پڑے تو اس حوالے سے بھی تمام وسائل فراہم کئے جائیں۔
واضح رہے کہ زخمی طالب علم گزشتہ ماہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنا تھا جس کا علاج پشاور کے سرکاری اسپتال میں کیا جارہا تھا تاہم طویل علاج کے بعد بھی وہ صحت یاب نہ ہو سکا۔