کراچی (جیوڈیسک) سانحہ پشاورپر ملک بھر کی مارکیٹس، کاروباری ادارے، بازار، تجارتی مراکز سوگ میں ڈوبے رہے، تاجروں وصنعت کاروں نے کاروبار بند کر کے دہشت گردوں کی بربریت کاشکار ہونے والے معصوم بچوں اور دیگر شہدا کے لیے تعزیتی اجلاس منعقد کیے گئے۔
سانحہ پشاور کے 146 شہدا جن میں معصوم شہدا کی اکثریت ہے کی یاد میں بدھ کو کراچی چیمبر آف کامرس میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری دورانیے ایک گھنٹہ گھٹاکرشہدا کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، تجارتی وصنعتی حلقوں نے دہشت گردوں کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کااعادہ کرتے ہوئے پاک فوج پر زور دیا کہ دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کو سخت پیغام دیا جائے اور پوری پاکستانی قوم کو کرب و صدمے سے دوچارکرنے والوں کا صفایا کردیا جائے۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر دفتر میں سانحہ پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے تعزیتی اجلاس کے بعد دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زکریا عثمان، ٹی ڈیپ کے سربراہ ایس ایم منیر سمیت اتھارٹی کے تمام افسران اور ملازمین نے سانحہ پشاور پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ زکریاعثمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ اور وحشیانہ حملوں کا آرمی آپریشن ضرب عضب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی جانب سے منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آباد جنید اشرف تالو نے کہا کہ معصوم طالب علموں اور ان کے اساتذہ کے بہیمانہ قتل اوربربریت کی عالمی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ان دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے متحد ہوجائیں۔
کراچی چیمبر میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں صدر چیمبر افتخار احمد وہرہ نے کہا کہ ظالمانہ واقعے نے پوری قوم کو گہرے صدمے سے دوچار کردیا ہے لیکن دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی کے بعدبھی پاکستانی قوم کا حوصلہ پست نہیں ہوا۔ انھوں نے شمعیں روشن کر کے شہدائے پشاور کو شاندارخراج عقیدت پیش اور سوگوار خاندانوں سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ تاجر وصنعت کار برادری آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرتی ہے جس سے کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کو سخت پیغام پہنچے گا کہ پاکستانی سرزمین پر ان کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
بزنس مین گروپ کے انجم نثار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی جیلوں میں قید سیکڑوں دہشت گردوں کی سزاؤں پر عمل درآمد کے فوری اقدامات کیے جائیں۔ کے سی سی آئی کے سابق صدر اے کیو خلیل نے کہا کہ انہوں نے صدرمملکت ممنون حسین سے رابطہ کر کے درخواست کی ہے کہ پشاور سانحہ کے شہدا کے لواحقین کو قومی ایوارڈز دیے جائیں۔
کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدرقمرعالم، جنرل سیکریٹری خرم اعجاز ودیگر نے بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملادے گی۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے بھی سانحہ پشاور کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ اور انسانیت سوز عمل قرار دیا اور کہا کہ ایسوسی ایشن کے اراکین اور عہدے داران متاثرہ خاندانوں اور پوری قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔