باجوڑ (جیوڈیسک) تحریک انصاف فاٹا نے باجوڑ ایجنسی میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ فاٹا کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں حکومت سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے باجوڑ ایجنسی میں جلسہ عام کیا گیا، جلسے سے فاٹا کے رہنما شاہد خان شنواری، جلال الدین خان اور گل ظفر خان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں تعینات بیورو کریسی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انھوں نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ کار کو فاٹا تک بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف قبائلی علاقوں میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔