پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے کوہاٹی گیٹ گرجا گھر میں چوتھے روز بھی صفائی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ آس پاس کی دکانیں اور مارکیٹیں بھی کھل گئیں، دوسری جانب بشپ آف پشاور ہی مفری سرفراز پیٹر کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں 139 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ پشاور کوہاٹی گیٹ چرچ میں اتوار کے دن ہونے والے 2 خود کش دھماکوں کے بعد آج چوتھے روز بھی گرجا گھر کی صفائی کا کام جاری رہا۔
جبکہ ارد گرد کی مارکیٹیں اور دکانیں بھی مکمل طور پر کھل گئی ہیں اورعلاقے میں کاروبار زندگی بھی معمول پر آگیا ہے۔ پشاور میں ذرائع سے گفت گو کرتے ہوئے بشپ آف پشاور ہی مفری سرفراز پیٹر کا کہنا تھا کہ ان کی مرتب کردہ فہرست کے مطابق چرچ دھماکوں میں 139 افراد جاں بحق اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔