پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
ادویات مفت تو کیا ملتیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے ہی تین ماہ سے میسر نہیں۔
ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں کو یہ ٹیکے بازار سے خریدنے پڑ رہے ہیں۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شریف نے تو اس حوالے سے نئی تھیوری ہی پیش کر دی جن کا کہنا ہے کہ تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے کی ہسپتال کی ایمرجنسی میں ضرورت ہی نہیں ہے۔
دوسری جانب ہسپتال کے چیف فارماسسٹ کا بیان اپنے ہسپتال کے ایم ایس سے مختلف ہے جن کا کہنا ہے کہ انجکشن کی عدم دستیابی کا سبب این ایچ آئی کے پلانٹ کی خرابی ہے۔ تشنج سے بچاؤ کے ایک انجکشن کی قیمت اس وقت بازار میں چالیس سے پچاس روپے ہے۔