پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پشاور پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے افغانستان سے تعلق رکھنے والا اہم نیٹ ورک پکڑ لیا۔
ایس پی سٹی محمد شعیب خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک اطلاع پر حاجی کیمپ اڈہ پشاور میں کئی گھنٹے سرچ آپریشن کیا گیا جہاں خاتون سمیت 5 افراد کو گرفتار کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا۔
محمد شعیب خان نے بتایا کہ ملزمان سے بارودی مواد برآمد کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایس پی سٹی نے انکشاف کیا کہ خاتون پشاور اور لاہور میں دہشت گردی کے منصوبوں میں استعمال کی جانی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ وقت سے دھمکیاں مل رہی تھیں جن میں اہم اور حساس مقامات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا شامل تھا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کی اور پشاور اور لاہور بہت بڑی تباہی سے بچ گئے۔