پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ستائے روزہ داروں نے پیسکو آفس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، مشتعل افراد نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور آفس فرنیچر سمیت کمپیوٹر اور دیگرآلات توڑ دیئے۔
تارو جبہ کے روزہ داروں نے واپڈا کالونی میں واقع پیسکو آفس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ غم و غصے میں بپھرے مشتعل ہجوم نے مین گیٹ سمیت دفتر میں پڑی کرسیاں ، میز ، کمپیوٹر اور دیگر قیمتی آلات توڑ دیئے۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔
دفتر سے باہر جا بجا بکھرے کاغذات روزہ داروں کے غم و غصے کی کہانی سنا رہے تھے۔ مظاہرے کے دوران ایک شخص جان لیوا گرمی کے باعث بے ہوش ہو گیا جسے ساتھی مظاہرین اپنے طور طبی امداد دیتے رہے ۔ کچھ منچلوں نے چھوٹے ، بڑے پتھر رکھ کر جی ٹی روڈ بلاک کر دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔