پشاور میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سراپا احتجاج

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں لوگ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں چار گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، جب کہ دیہی علاقوں میں دورانیہ پندرہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

گرمیوں میں اضافے کے ساتھ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کے لئے پر تول لئے ہیں۔ پشاور کے شہری علاقوں میں بجلی لوڈ شیڈنگ دو گھنٹے سے لے کر چار گھنٹے تک ہورہی ہے، جب کہ دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے سے لے کر پندرہ گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔ پسکو ترجمان کے مطابق اس وقت طلب چھبیس سو میگاواٹ ہے اور انیس سو میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق سات سو میگاواٹ کمی کے باعث صارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ بل بروقت ادا کرنے والے صارفین کو دو سے چار، جب کہ خسارے اور بجلی چوری والے فیڈرز کے علاقوں میں آٹھ گھنٹے سے پندرہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔