اسلام آباد: دہشت گردی ملک کا اہم ترین مسئلہ ہے سیاست دانوں، پاک فوج اور قوم کو مل کر اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ وقت آ گیا ہے کہ ملک سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے آئیسکو راولپنڈی سرکل مریڑ حسن میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔
لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے صدر عاشق خان نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے میں سیاسی قیادت کو جلد از جلد اور حتمی فیصلے کرنے ہوں گے اس میں کسی قسم کی تاخیر قوم برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سانحہ پاکستان کی تاریخ کا بد ترین سانحہ ہے اور 141سے زائد شہدا کی قربانیں رنگ لائیں گی اور انشااللہ پاکستان میں امن قائم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں لیبر یونیٹی اور آئیسکو ملازمین ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل لیبر فیڈریشنNLF))کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر ہماری ضرورت پڑی تو ہم کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ جنرل سیکرٹری لیبر یونیٹی سید تنویر حسین شاہ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو مارنے والے بزدل اور وحشی درندے ہیں ۔ دہشت گرد ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکے ہیں۔ چیئرمین لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین لالہ رحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور قوم کوجگانے کے لئے کافی ہے اور قوم جاگ چکی ہے۔
اس موقع پر سید مبارک شاہ، کاشف شاہ، رمضان، نثار قریشی اور شرکاء نے بھی خطاب کیا۔ لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کی اس دعائیہ تقریب میں شہداء پشاور سمیت ملک بھر میں دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ملک کی سلامتی کی دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سہرا یا گیا۔ لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے مرکزی عہدیداران اور ریجن بھر سے آئے ہوئے آئیسکو کے ہزاروں ملازمین نے آئیسکو راولپنڈی سرکل مریڑ حسن سے راولپنڈی پریس کلب تک ریلی بھی نکالی جس میں شریک شرکاء نے پاک فوج زندہ باد، ضرب عضب زندہ باد، دہشت گردی مردہ باد، سانحہ پشاور کے شہداء کو سلام کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔