پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پشاور اور میاںوالی میں شکست تحریک انصاف کے لئے ریڈ الرٹ ہے۔ تحریک انصاف کا دھرنا انتخابات میں دھاندلی نہیں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے ہے۔
لاہور میں ذرائع سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہائی کورٹ کی رولنگ موجود ہے کہ مال روڈ پر دھرنا نہیں دیا جا سکتا۔ تحریک انصاف کے دھرنے میں کسی خاتون کو گھسیٹا نہیں گیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پشاور اور میاںوالی میں تحریک انصاف کو شکست عوامی رائے عامہ کو نا ماننے سے ہوئی۔
وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کو لاٹھی چارج کا کوئی حکم نہیں دیا گیا اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس پر رد عمل ہوا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے۔ اس کی کوئی اور پہچان نہیں ہوتی ، چاہے ا سکا تعلق پنجاب سے ہو یا کسی اور صوبے سے ہو۔