پشاور میں رنگا رنگ فن فیئرکا انعقاد

Peshawar

Peshawar

پشاور(جیوڈیسک)پشاور میں رنگا رنگ فن فیئرکے دوران نوجوانوں نے جی بھر کے دل کی بھڑاس نکال لی۔ فن فیئر کا اہتمام مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا اور محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

پشاور میں رنگوں اور مدھر دھنوں سے لبریز اس میلے نے شہریوں کے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ فن فیئر میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے خوب موج میلہ کیا، میلے میں صوبے کا ہر رنگ نمایاں تھا۔ فن فیئر میں چٹخارے دار کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

امن سے محبت پر مبنی بینر میلے کے شرکا کی توجہ کا مرکز بنارہا۔ شمالی وزیرستان اور ٹانک کی دست کاریاں بھی میلے میں رکھی گئی تھیں۔ سامان آرائش اور کشیدہ کاری کے نفیس کام کو دیکھ کر میلے کے شرکا ششدر رہ گئے۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ میلے کا مقصد لوگوں کو خوشی کے چند لمحات فراہم کرنا تھا۔